حدیث {۱۰} Hadees 10

حدیث {۱۰}

عَنْ اَبِیْ وَائِلٍ شَقِیْقِ بْنِ سَلْمَۃَ قَالَ شَھِِدْتُّ عَلِیَّنِ ابْنِ أَبِيْ طَالِبٍ وَ عُثْمَانَ بْنِ عَفَّانَ تَوَضَّاَ ثَلاثًا ثَلاثًا وَ اَفْرَدَ الْمَضْمَضَۃَ مِنَ الْاِسْتِنْشَاقِ ثُمَّ قَالَا ھٰکَذَا رَاَیْنَا رَسُوْلَ اﷲ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم تَوَضَّأَ ۔  رَوَاہٗ عَلِیِّ بْنِ السُّکَنِ فِي صِحَاحِہِ ، آثَارُالسُّنَنِ(2) 
ترجمہ : - حضرت ابووائل شقیق بن سلمہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کہتے ہیں کہ میں حضرت سیدنا علی اور حضرت سیدنا عثمانرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَاکے پاس حاضر ہوا ان دونوں نے تین تین بار وضو کے اعضاء کو دھویا اور کلی کو ناک میں پانی ڈالنے سے علیٰحدہ کیا ۔ پھر فرمایا کہ ہم نے رسول کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کو اسی طرح وضو کرتے دیکھا ۔ 
اس حدیث کو ابن السکن نے اپنی صحاح میں روایت کیا ۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ کلی الگ تین بار اور ناک میں الگ تین بار پانی ڈالنا چاہیئے۔ یعنی دونوں کے لئے الگ الگ پانی لینا چاہیئے۔ امام اعظم رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِکا یہی مذہب ہے۔
اسی طرح ابوداؤد(1) کی حدیث میں آیاہے کہ ابن ابی ملیکہ سے وضو کا سوال ہوا۔ تو انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت سیدنا عثمان رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کو دیکھا کہ ان کو وضو کا سوال ہوا۔ تو آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُنے پانی منگوایا ۔ تو آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے پاس پانی کا برتن لایا گیا تو آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُنے اپنے داہنے ہاتھ پر اس کو جھکا یا ۔ یعنی اس برتن سے داہنا ہاتھ دھویا پھر آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُنے داہنے ہاتھ کو پانی میں ڈال کر تین بار کلی کی اور تین بار ناک میں پانی ڈالا پھر تین بار منہ دھویا۔ پھر تین بار دایاں ہاتھ دھویا اور بایاں ہاتھ تین بار دھویا ۔ پھر اپنا ہاتھ ڈال کر پانی لیا اور سر کا مسح کیا اور کانوں کے ظاہر و باطن کا ایک مسح کیا۔ پھر دونوں پاؤں دھوئے اور فرمایا کہ وضو کے سائل کہاں ہیں ؟ میں نے رسول کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کو اسی طرح وضو کرتے دیکھا ہے ۔ آثار السّنن میں اس حدیث کی سند کو صحیح لکھا ہے ۔ اس حدیث سے بھی معلوم ہوا کہ مضمضہ(2) اور استنشاق (3)الگ الگ کرنا چاہیئے البتہ جن روایتوں میں جَمَعَ بَیْنَ الْمَضْمَضَۃِ وَ الْاِسْتِنْشَاقِ آیا ہے وہ جواز پر محمول ہیں لیکن افضل فصل (4)ہے ۔ 
 

Post a Comment

0 Comments